حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کربلائے عظیم اللہ خاں "شبیہ حرم امام علی رضا علیہ السلام تالکٹورہ لکھنؤ" میں اعزازی خادمین کے درمیان امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مشہد مقدس ایران کی زیارت کے لئے ٹکٹ کی قرعہ اندازی۔
اطلاعات کے مطابق،امام علی رضا علیہ السلام فاؤنذیشن تالکٹورہ لکھنؤ کی جانب سے شبیہ حرم امام علی رضا علیہ السلام تالکٹورہ لکھنؤ میں ہرمہینہ کی نوچندی جمعرات کو نماز مغربین کے بعد مجلس اور مناجات امام علی رضا علیہ السلام کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کے بعد امام کے دسترخوان پر تمام زائرین کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جاتاہے اور سال بھر غریب و نادار مریض افراد کا بلا تفریق مذہب و ملت روضہ کی جانب سے علاج کیا جاتا ہے۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ 7/ اپریل 2022 ماہ مبارک رمضان کی پہلی جمعرات مجلس و مناجات کے درمیان کربلائے عظیم اللہ خاں میں اعزازی خادمین کے درمیان قرعہ اندازی کی جائے گی جن افراد کے نام قرعہ میں آئیں گے ان کو حرم امام علی رضا علیہ السلام مشہد مقدس کی زیارت کے لیے بھیجا جائے گا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق،شبیہ حرم میں خادمی کی تقرری کے لئے سب سے پہلے اپنا نام درج کرانا ہوتا ہے اس کے بعد ہرمہینہ کی نو چندی جمعرات کو امام علی رضا علیہ السلام فاؤنڈیشن کے اراکین قرعہ کشی کرتے ہیں جن افراد کے نام قرعہ میں آتے ہیں ان لوگوں کو فون پر اطلاع دیتے ہیں کہ آپ کا نام خادمین کی لسٹ میں آگیا ہے اور آپ آج امام کے دربار میں خدمت انجام دے سکتے ہیں۔
اسطرح سے خادمین اعزازی کا تقرر ہوتا ہے اور سال میں ایک مرتبہ قرعہ کشی میں نام آنے پر امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک مشہد مقدس ایران کی زیارت کے لئے ٹکٹ دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سب انتظامات امام علی رضا علیہ السلام فاؤنذیشن تالکٹورہ لکھنؤ کی جانب کئے جاتے ہیں اور کسی سے کسی طرح کا چندہ نہیں لیا جاتا۔